لاہور: (دنیا نیوز) سرکاری سکولوں کو پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے حوالے کرنے کے معاملے پر ٹیچرز یونین نے مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف کے تینوں ادوار میں سرکاری تعلیمی ادارے بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی جس کی وجہ سے غریبوں کے بچوں کو مفت تعلیمی سہولیات ملیں، نئے تعلیمی ادارے کھلنے سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار بھی ملا۔
خط میں لکھا گیا کہ سابق حکومت میں سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی بھرتیاں نہیں کی گئیں، ن لیگ دور حکومت میں پنجاب کے سکولوں میں لاکھوں اساتذہ کی میرٹ پر تعیناتیاں ہوئیں۔
کاشف شہزاد چودھری نے خط میں مزید کہا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن میں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد اسامیاں خالی ہیں، ن لیگ کی حکومت آنے سے پنجاب کے نوجوانوں میں روزگار کی امید دوبارہ پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے خط میں مزید لکھا کہ پنجاب حکومت سرکاری تعلیمی اداروں کو مفت میں پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے جا رہی ہے، نواز شریف سرکاری تعلیمی اداروں کو بچانے میں کردار ادا کریں۔
خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں اساتذہ کی خالی اسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں۔