ڈی آئی خان: پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، 2 اہلکار زخمی

Published On 08 June,2024 01:25 pm

ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی پولیس نفری کے ساتھ پولیو ڈیوٹی پر جا رہے تھے کہ ناٹک روڈ پر گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری اور بم ڈسپوزل سکواڈ موقع پر طلب کر لی گئی۔

گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی مذمت
گورنر خیبرپختونخوا نے ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر حملے کی مذمت کی اور زخمی پولیس اہلکاروں کی صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ ڈی آئی خان ودیگر اضلاع میں پولیس پر پے درپے حملوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس موبائل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی صحت یابی کے لئے دعا کی۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام اس جنگ میں فورسز کے ساتھ ہیں، اس طرح کے بزدلانہ واقعات سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے، مکمل امن کے قیام تک دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔