اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اُردن میں ہونیوالی ڈی ایٹ کانفرنس میں پاکستان نے غزہ میں جاری بربریت کی مذمت کی ہے ۔
اسلام آباد میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاززہرا بلوچ نے نیوز بریفنگ میں بتایا کہ رواں ہفتہ پاکستان کی خارجہ اُمور سے متعلق اہم تھا، غزہ کے حوالے سے وزیر خارجہ نے ڈی ایٹ میں شرکت کی، ڈی ایٹ کانفرنس میں وزرائے خارجہ نے غزہ میں فور ی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اُردن میں ہونے والی غزہ کانفرنس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مؤقف پیش کیا، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ڈی ایٹ کانفرنس کے دوران اپنے دیگر ہم منصب سے بھی ملاقات کی اور پاکستان نے غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا کہ فلسطین پر یو این کی انکوائری رپورٹ سامنے آئی ہے، رپورٹ میں نہتے فلسطینیوں کے قتل کے حوالے سے حیراں کن انکشافات کیے گئے ہیں، اب وقت ہے کہ غزہ میں ہونے والے مظالم کو روکا جائے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسرائیلی فوج کو فوجی سپلائز پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا۔
ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان اور بھارت کی قیادت کے درمیان تہنیتی خطوط کا تبادلہ نہیں ہوا، پاکستان فلسطین سے متعلق کمیشن آف انکوائری کو خوش آمدید کہتا ہے۔