اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری کی بازیابی کی درخواست پر سیکرٹری داخلہ و سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کر دیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے آزاد کشمیر کے لاپتہ شہری خواجہ خورشید کی بازیابی کی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہری خواجہ خورشید 7 جون سے لاپتہ ہیں، جس کا ان کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے۔
عدالت نے سوال کیا کہ یہ راولپنڈی سے لاپتہ ہوئے ہیں؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ انہیں جی 13 اسلام آباد بلایا گیا تھا، وہاں سے کوئی اٹھا کر لے گیا، یہ بھی احمد فرہاد کی طرح کا کیس ہے۔
عدالتِ عالیہ نے سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری دفاع کو نوٹس جاری کئے ہیں کہ سیکرٹریز معاملے پر آئی ایس آئی، ایم آئی اور ایف آئی اے سے معلومات لے کر رپورٹ پیش کریں، عدالت نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ سیکرٹری دفاع راولپنڈی، اسلام آباد اور آزاد کشمیر کے سیکٹر کمانڈرز سے بھی اس حوالے سے رپورٹ لے کر آگاہ کریں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ عید کے بعد ایک ورکنگ ڈے دے رہے ہیں تاکہ آئندہ سماعت پر رپورٹ آ جائے،رپورٹ آنے دیں، رپورٹ کے بغیر کوئی آرڈر نہیں کر سکتے۔
بعدازاں عدالت نے نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 21 جون تک ملتوی کر دی۔