نارنگ منڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان عدلیہ سے متعلقہ کئی شخصیات کا پرانا لاڈلہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ اداروں کو کمزور کرنے اور سیاسی عدم استحکام کے ملزمان کا کیفرکردار تک نہ پہنچنا اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے، 9 مئی جیسا واقعہ کسی دوسرے ملک میں ہوتا تو ملزمان دو ہفتے میں کیفرکردار تک پہنچ جاتے، اگر سزا ہوتی تو عدلیہ کا لاڈلہ کبھی مجیب الرحمان اور کبھی الطاف حسین نہ بنتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو کمزور کرنے والوں کو کھلی چھٹی پر ادارے غور کریں، عدلیہ قابل احترام مگر فیصلوں میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف جھکاؤ کا تاثر ملتا ہے، بانی پی ٹی آئی عدلیہ سے متعلقہ کئی شخصیات کا پرانا لاڈلہ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا پی ٹی آئی کی طرف جھکاؤ غیر فطری ہے، مولانا کا ووٹ بینک بھی کے پی کے اور پی ٹی آئی کا بھی وہی ہے، ہماری قیادت کی مولانا سے گہری ہم آہنگی ہے، معاملات درست ہوجائیں گے۔
رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ہماری حکومت کی 100 دن کی کارکردگی تاریخی ہے، آئندہ سال ملکی ترقی کے ہیں۔