کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے اداروں کی نجکاری کی مخالفت کردی۔
صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ہر ادارے کو پرائیویٹ کرنا مناسب نہیں، اداروں کے اخراجات کم کرکے بہتری لائی جاسکتی ہے، پیپلز پارٹی ہر ادارے پر بات کرے گی، پوری کوشش ہوگی کہ بات چیت سے مسئلہ حل ہو۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا المیہ یہ ہے کہ ہر بات اپنے ارد گرد رکھتے ہیں، جب وہ وزیراعظم تھے تو انہیں فوج سمیت تمام ادارے اچھے لگتے تھے، اقتدار سے ہٹے تو سب خراب ہوگئے، انہیں آئینی طور پر عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اسمبلیاں توڑنے کی کوشش کی، دو صوبوں میں حکومت تھی تو وہ توڑ دیں، گرفتاری سے بچنے کیلئے پٹرول بموں کا استعمال کیا، بانی پی ٹی آئی نے سیاسی کارکنوں کو بدتمیزی کی تعلیم دی،انہیں شدت پسند بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ملک کو نقصان پہنچایا، امید رکھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل سے کچھ سیکھ کر آئیں گے۔