کراچی: (دنیا نیوز) ہائیڈرو گرافی کے عالمی دن پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہائیڈرو گرافی کا عالمی دن ہر سال 21 جون کو سمندروں کے بارے میں ہمارے علم کو بہتر بنانے کیلئے منایا جاتا ہے۔
نیول چیف نے کہا کہ اس سال اس دن کا عنوان ’’ہائیڈروگرافک معلومات، سمندری سرگرمیوں میں حفاظت، کارکردگی اور پائیداری کا فروغ‘‘ ہے، پاکستان دیگر ساحلی ریاستوں کی طرح درست سمندری معلومات فراہم کرنے کیلئے ہائیڈرو گرافک سروے اور ناٹیکل نقشے تیار کرنے کا ذمہ دار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سمندری حدود سے گزرنے والے جہازوں کی حفاظت کیلئے متعلقہ سمندری معلومات کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے، نیشنل ہائیڈروگرافک آفس 1976ء سے نیویگیشن وارننگ جاری کرنے کیلئے کوآرڈینیٹر کی قومی ذمہ داری بھی نبھا رہا ہے۔