اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کی شہادتوں پر اظہارافسوس کرتے ہوئے جسد خاکی پاکستان لانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستانی حجاج کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے حجاج کرام کے لواحقین کے لئے صبر وجمیل کی بھی دعا کی۔
محمد شہبازشریف نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چودھری سالک حسین اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق سے رابطہ کیا اور شہید حجاج کرام کے جسد خاکی پاکستان پہنچانے کے انتظامات کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے وزارت مذہبی امور اور پاکستانی سفارت خانے کے حکام کو حجاج کرام کو تمام سہولیات فراہم کرنے اور ہسپتالوں میں داخل پاکستانی عازمین کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔