اسلام آباد: (دنیانیوز) ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی6 اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی گئی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے کیس پر سماعت کی ، عمران خان اور بشری بی بی کی جانب سے خالد یوسف چودھری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پیشی نہ کرانے پر جیل حکام کا جواب جمع نہ کرایاجاسکا، عدالت نے استفسار کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پیشی نہ کرانے پر جیل حکام کا جواب آیا کیا؟ جس پر عدالتی عملے نے جواب دیا کہ ابھی تک جیل حکام کا جواب نہیں آیا۔
وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیولنک پیشی کا حکم دے رکھا تھا،جس پر جج محمد افضل مجوکا نے کہاکہ جیل حکام کے جواب کا انتظار کرلیتے ہیں۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آئندہ ہفتہ کیلئے رکھ لی جائے، جس پر جج محمد افضل مجوکا نے کہا کہ عدت کیس کا فیصلہ8 جولائی تک کرناہے،اس کے بعد کی تاریخ رکھ لیتے ہیں، عدالت نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت16 جولائی تک کیلئے ملتوی کردی۔