لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024 حتمی مراحل میں داخل ہو گیا، ایکٹ کا مسودہ تیار کر لیا گیا۔
کابینہ کمیٹی کو بلدیاتی ایکٹ 2024 کا مسودہ منظوری کے لئے بھجوا دیا گیا، میئر کا انتخاب جماعتی بنیادوں پر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
مسودے کے مطابق اربن اور رورل ایریاز کو مکمل تقسیم کرنے کی حد بندی کی جائے گی، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن بنائی جائیں گی، سات لاکھ سے زائد آبادی کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن بنائی جائے گی۔
نئی مردم شماری کے مطابق بلدیاتی حلقہ بندی ہو گی، 20ہزار سے کم آبادی میں یونین کونسل قائم ہو گی، لاہور میں یونین کونسلوں کی تعداد 5 سو سے زائد کرنے کی تجویز دی گئی۔
15 ہزار سے 50 ہزار آبادی تک ٹاؤن کمیٹی بنائی جائے گی، 50 ہزار سے 2 لاکھ آبادی میں میونسپل کمیٹی بنائی جائے گی، دو لاکھ سے 5 لاکھ تک آبادی کیلئے میونسپل کارپوریشن بنائی جائے گی۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا کہنا ہے کہ جتنا چھوٹا لوکل گورنمنٹ کا حجم ہو گا، اتنے زیادہ نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہونگے، نیا قانون ہر لحاظ سے جامع اور سابق ایکٹ سے مختلف ہو گا، کمیٹی ممبران اور بلدیاتی اداروں کی مدت چار سال ہو گی۔