کراچی اور حیدر آباد میں ٹریفک حادثات، خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

Published On 27 June,2024 05:31 am

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور حیدر آباد میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے مہران آرٹس کونسل کے قریب بریک فیل ہونے کی وجہ سے ٹرک گاڑیوں پر چڑھ گیا، حادثے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 3 شدید زخمی ہوئے ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب کراچی میں شاہراہ فیصل پر بلوچ پل کے قریب تیز رفتار مسافر بس بے قابو ہو کر دیوار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے ہیں، لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔