باجوڑ: (دنیا نیوز) تحصیل ماموند کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکہ کیا گیا جس میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔
دھماکے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ، ملک عرفان، نظر الدین، یار محمد اور سمیع الرحمان جاں بحق ہوئے، سابق سینیٹر ہدایت اللہ اپنے بھتیجے امیدوار پی کے 22 نجیب اللہ کی الیکشن مہم کے لئے ڈمہ ڈولہ گئے تھے۔
سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان 2012ء سے لیکر 2024ء تک سینیٹ کے ممبر رہے، وہ دو بار فاٹا سے اۤزاد حیثیت سے سینیٹ کے ممبر رہ چکے تھے، وہ نیکٹا کے ممبر اور سینیٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہوابازی کے چیئرمین بھی رہے تھے۔
سینیٹر ہدایت اللہ کا تعلق ناوگئی سے تھا اور وہ سابق گورنر خیبر پختونخوا انجینئر شوکت اللہ خان کے چھوٹے بھائی اور سابق ایم این اے حاجی بسم اللہ خان کے صاحبزادے تھے۔
ہدایت اللہ خان ساتھیوں کے ہمراہ الیکشن مہم کے بعد ڈمہ ڈولہ سے واپس ہیڈ کوارٹرز خار اۤرہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی پر دھماکہ ہوا۔
دھماکے کی اطلاع پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، امدادی ٹیموں نے لاشوں کو ضروری کارروائی کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا۔
صدر آصف علی زرداری، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، سینیٹر فیصل سلیم، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر نے دھماکے پر اظہار افسوس کیا۔