راولپنڈی: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنماؤں عمرایوب،شبلی فراز، شہریار آفریدی، رؤف حسن نے کہا کہ ہم متحد ہیں اور متحد رہیں گے، سارے کان کھول کر سن لیں اگلے وزیراعظم قیدی نمبر804 ہوں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر عمرایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوپہر سوا ایک بجے جیل میں ملاقات کے لئے آئے تھے، ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، انٹیلیجنس کے لوگ کنٹرول کرتے ہیں جیل میں کون ملاقات کرے گا۔
عمرایوب نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی صحیح کہتے ہیں ہمارا مقابلہ ڈفر کیساتھ ہے، ہماری ملاقات شیڈول تھی، تحریک انصاف ایک مٹھی کی طرح ایک ہے، تحریک انصاف میں کوئی تقسیم نہیں ہے، تحریک انصاف پر ان کا باپ بھی پابندی نہیں لگا سکتا، ہم تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے بطور اپوزیشن لیڈر ملاقات کا حق ہے، یہ سمجھتے ہیں 4 گھنٹے انتظار کرکے ہمیں کمزور کر دیں گے تویہ غلط فہمی ہے، جیل کی پوری انتظامیہ کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں لائن حاضر کریں گے۔
شبلی فراز
شبلی فرز نے کہا کہ انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ کو لوٹا گیا، آج کل کرائے کے لوگوں کو ٹی وی پر دوبارہ لایا جا رہا ہے، تحریک انصاف متحد ہے، ہمارے لیڈر بانی پی ٹی آئی ہیں، ہم جب بھی اڈیالہ جیل آتے ہیں ہماری تذلیل کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تذلیل بنیادی طور پر پاکستان کےعوام کی ہے، عزت اورذلت دینے والا اللہ ہے، ڈی سی سے جلسے کی اجازت مانگی تو عامر مغل کو گرفتار کر لیا گیا، ہمارے اندر اختلافات تھے اور نہ ہیں۔
شہریار آفریدی
شہریار آفریدی نے کہا کہ انہوں نے جتنا ظلم کرنا تھا کر لیا ہم تقسیم نہیں ہوں گے، پی ڈی ایم ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتی، جن کو بانی پی ٹی آئی نے ذمہ داری دی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، تاریخ سے سبق سیکھ لو، ایوانوں میں بیٹھے چور، ڈاکوؤں کا سفرختم ہو رہا ہے۔
شاندانہ گلزار
شاندانہ گلزار نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی تقسیم نہیں، ہم سب پرچالیس، چالیس مقدمات ہیں، بانی پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے، وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب تحریک انصاف کی فکر کرنا چھوڑ دیں۔