متحدہ نے کراچی کی چار نسلیں بھتہ خوری اور بوری بند لاشوں کی نذر کیں: سندھ حکومت

Published On 07 July,2024 03:26 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال کے بیان پر ردعمل سامنے آ گیا۔

سندھ حکومت کے ترجمان علی راشد نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کراچی کے عوام کی خدمت کی ہے اور ایم کیو ایم جیسی متعصب جماعت نے ہمیشہ اس خدمت کو برباد کیا، مصطفیٰ کمال وہ منافق ترین شخص ہیں جنہوں نے اپنی سابقہ جماعت پر تنقید کرنے کیلئے نئی جماعت بنائی، جب یہ تجربہ ناکام ہوا تو اسی نئی جماعت کو پرانی جماعت میں ضم کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ سندھ کے تمام ترقیاتی دعووں کومسترد کرتے ہیں : مصطفیٰ کمال

ترجمان سندھ حکومت علی راشد نے مزید کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی شہر کی چار نسلیں، بھتہ، گولی، بوری بند لاشوں کی نذر کر کے نوجوانوں کے ہاتھوں سے قلم لے کر اسلحہ تھما دیا، ایم کیو ایم اپنی پرانی روش برقرار رکھنا چاہتی ہے کہ جب لندن میں بیٹھے شخص کی نام نہاد خوشی کی خاطر شہر بند کر کے املاک کو نقصان پہنچایا جاتا تھا۔

علی راشد نے کہا کہ شہر کا امن وامان پیپلز پارٹی کی مرہونِ منت ہے جسے ایم کیو ایم نے ہر دور میں خراب کرنے کی کوششیں کیں، خدمتِ خلق کے نام پر زکوٰۃ، فطرہ اور کھالیں جمع کر کے گولیاں خریدنے والی ایم کیو ایم آج شہر کا امن خراب کرنا چاہتی ہے، تعصب کے نام پر سیاست کرنے والوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ سندھ حکومت ان کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔