راولپنڈی: (دنیا نیوز) چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے 97 ویں یوم تاسیس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پیپلز لبریشن آرمی کے 97 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
جنرل ساحر شمشاد نے اپنے خطاب میں چینی عوام، سویلینز، عسکری قیادت اور پیپلز لبریشن آرمی کے تمام رینکس کو مبارکباد دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے چین کی ترقی اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم قوت بننے میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک چین قریبی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور انہیں مزید گہرا اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے سی پیک، دفاعی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں شہریوں اور فوجی افسران، صحافیوں، تاجروں اور سول سوسائٹی کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔