راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے برازیل کی مسلح افواج کے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل آندرے لوئیز سلوا لیما ڈی سانتانا مینڈس نے ملاقات کی۔
ملاقات میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان برازیل کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
خواجہ محمد آصف نے خطے میں پاکستان کے کردار اور پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات پر روشنی ڈالی، وفاقی وزیر نے خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لئے پاکستان کی کوششوں بارے آگاہ کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کو بڑھانے اور متنوع بنانے پر تبادلہ خیال کیا، جس کے لئے دونوں ممالک کے درمیان کافی امکانات موجود ہیں۔
فریقین نے مفاہمت کی یادداشت کے ذریعے دفاعی تعاون کو ادارہ جاتی بنانے پر بھی اتفاق کیا، ملاقات کے دوران ایک دوسرے کے تربیتی اداروں میں ٹرینیز کے باقاعدہ تبادلے پر بھی بات ہوئی۔