کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مہنگائی کیخلاف آج ہونے والے جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء کو پکوڑے کھلانے کی مشروط پیشکش کر دی۔
اپنے ایک بیان میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتا ہوں، آج شام مظاہرین کا گورنر ہاؤس میں انتظار کروں گا، مظاہرین عوام کو مشکلات میں مبتلا کر کے ان سے انتقام مت لیں۔
گورنر سندھ نے جماعت اسلامی کی قیادت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے اندر دھرنا دیں، بارش کے پیش نظر پکوڑوں کے علاوہ کھانے، پینے کا بھی بندوبست کروں گا، دھرنے میں شریک نوجوانوں کو مفت آئی ٹی کورسز میں داخلے کی آفر کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی نے آج گورنر ہاؤس کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے، آئی پی پیز کیساتھ معاہدے اور کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخی کیلئے مظاہرین مسجد خضریٰ صدر سے ریلی کی صورت میں گورنر ہاؤس پہنچیں گے جبکہ مری روڈ راولپنڈی میں مرکزی دھرنا بھی جاری رہے گا۔
امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کا کہنا ہے کے الیکٹرک اور تمام آئی پی پیز کا فرانزک آڈٹ کیا جائے، بجلی بلوں میں بھاری ٹیکسز و ظالمانہ سلیب سسٹم ختم اور عوام کو سستی بجلی دی جائے، تنخواہ دار طبقے کے بجائے جاگیرداروں، وڈیروں اور مراعات یافتہ طبقے پر ٹیکس لگایا جائے۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام، تاجر، مزدور، وکلاء، طلبہ، اساتذہ، علماء سمیت ہر طبقہ زندگی کے افراد دھرنے میں بھرپور شرکت کریں اور حکمرانوں کیخلاف عوامی جدوجہد و مزاحمت کا حصہ بنیں، حکومت کو عوام کو ریلیف دینا پڑے گا۔