کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے گھوٹکی کے مقتول صحافی نصراللہ گڈانی کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
سندھ ہائیکورٹ میں گھوٹکی کے صحافی نصر اللہ گڈانی قتل کیس میں مقتول کی والدہ کی تحفظ فراہمی کی درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) گھوٹکی سے رپورٹ طلب کر لی۔
عدالت عالیہ نے پولیس حکام سے 7 روز میں تحریری جواب طلب کرلیا۔
دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ نصراللہ گڈانی کو 4 ماہ قبل قتل کیا گیا تھا، 4 ماہ گزرنے کے باوجود ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا گیا نہ رپورٹ۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ہر پیشی پر سیکڑوں افراد کے ہجوم میں پیشی پر آتے ہیں جس سے سائلین اور وکلا کا عدالت میں داخلہ مشکل ہوجاتا ہے۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ مقتول صحافی کے اہلخانہ کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے، تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو مقتول صحافی کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔