ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا پورا اجلاس اقلیتوں کیلئے مختص

Published On 11 August,2024 03:46 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا پورا اجلاس اقلیتوں کیلئے مختص کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رامیش سنگھ اروڑا نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب اسمبلی کا پورا اجلاس اقلیت کے لئے مختص کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے حلف اٹھاتے ہی اقلیت کو سر کا تاج کہا جس پر انہوں نے عمل کیا۔

رامیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا کہ آج سب مل کر اقلیت کے حقوق کے لئے آواز اٹھائیں گے، آئین پاکستان برابری کی بات کرتا ہے اس لئے اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت امن کی بات کرتی ہے، عوام سے درخواست ہے امن کو سبوتاژ کرنے والوں کا مقابلہ کریں۔

صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ شرپسند عناصر کے عزائم کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ ناکام بنانا ہے، ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی سب ملتے ہیں تو ایک اکائی بنتے ہیں۔