پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں حکومتی رکن طارق محمود آریانی نے توجہ دلاؤ نوٹس میں اپنی ہی حکومت پر شدید تنقید کر ڈالی۔
طارق محمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ جب کسی ضلع کا دورہ کرتے ہیں تو وہاں ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہیں، بدقسمتی سے وزیراعلیٰ نے مردان آکر اعلانات کرنے کی بجائے یونیورسٹی کی زمین فروخت کرنے کا اعلان کیا، پی ٹی آئی کی ہماری اپنی حکومت مردان شہر کے ساتھ زیادتی کررہی ہے۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ مردان کے عوام نے پی ٹی آئی کو تمام نشستیں عمران خان کے نام پر دی ہیں، جس وزیر سے بھی بات کریں تو فرعون بن جاتا ہے۔
مینا خان نے کہا کہ گریٹر کیمپس کے لئے 2009 میں 48 سو کنال زمین خریدی گئی تھی، اس وقت حکومت نے 28 سو روپے فی مرلہ کی زمین خریدی ہے، اگر اس وقت حکومت مناسب قیمت پر زمین خریدتی تو یہ مسائل نہ ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت مردان میں محکمہ اوقاف کی 36 ہزار کنال اراضی موجود تھی، اس وقت اگر حکومت اوقاف کی زمین استعمال کرتی تو آج یہ مسائل نہ ہوتے۔