دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، گڈو اور سکھر بیراج پر سیلابی صورتحال

Published On 13 August,2024 06:40 pm

سکھر: (ویب ڈیسک) ملک میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند جبکہ سکھر اور گڈو بیراجوں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

محکمہ آبپاشی حکام کے مطابق ملک میں جاری بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے، دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراجوں پر پانی کی سطح میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا ہے۔

سندھ کے دونوں بڑے بیراجوں پر اس وقت نچلے درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، تاہم کوٹری بیراج پر پانی کی صورت حال نارمل ہے۔

سکھر اور گڈو بیراجوں پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کے باعث اب دریا کا پانی تیزی سے دونوں بیراجوں کے درمیان واقع کچے کے علاقے میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔

آبپاشی حکام کے مطابق گڈو بیراج پرپانی کی آمد 4 لاکھ 28 ہزار 105 اور اخراج3 لاکھ 98 ہزار 324 کیوسک ، سکھر بیراج پرپانی کی آمد 3 لاکھ 92 ہزار 120 اور اخراج 3 لاکھ 50 ہزار 540 کیوسک، کوٹری بیراج پرپانی کی آمد 1 لاکھ 84 ہزار 413 اور اخراج 1 لاکھ 43 ہزار 898 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

آبپاشی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں کیونکہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے تو دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراجوں کے مقام پرپانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق اگر اسی طرح پانی کی آمد کا سلسلہ جاری رہا تو گڈو بیراج پر ایک سے دو روز میں نچلے درجے کا سیلاب درمیانی درجے کے سیلاب میں تبدیل ہوسکتا ہے۔