لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں انٹرنیٹ کی بندش کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
رجسٹرار آفس نے درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کر دیا، جسٹس شکیل احمد جمعہ کو ندیم سرور کی درخواست پر سماعت کریں گے، درخواست میں وفاقی حکومت، پی ٹی اے سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ملک میں بغیر کسی نوٹس اور وجہ بتائے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ایپس بند کر دی گئی ہیں، انٹرنیٹ کی بندش سے کاروبار حتیٰ کہ ہر شعبہ ہائے زندگی متاثر ہو رہی ہے، انٹرنیٹ بند کرنا بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔
استدعا کی گئی کہ وفاقی حکومت کا انٹرنیٹ بند کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، ملک میں انٹرنیٹ کو مکمل اور فوری بحال کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔