الیکشن ترمیمی ایکٹ کیخلاف درخواست کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری

Published On 17 August,2024 10:37 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواست کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

جسٹس شکیل احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق متاثرہ فریق نے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اسی نوعیت کی درخواست سپریم کورٹ میں زیر التوا ہونے سے متعلق ریکارڈ پیش کریں۔

حکم میں کہا گیا کہ درخواست گزار کے مطابق سپریم کورٹ میں دائر درخواست تاحال سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوئی، عدالت نے درخواست پر مزید کارروائی 19 اگست تک ملتوی کی ہے۔

یاد رہے کہ شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کا مقصد سپریم کورٹ کے فیصلے کو بے اثر کرنا ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن ترمیمی ایکٹ کو آئین سے متصادم قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔