اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کے پاس پی ٹی آئی ورکروں کو دینے کے لئے پیسے ہیں خیبرپختونخوا کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے نہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ پانچ پانچ ہزار روپے اسلام آباد پر حملے کے لئے دیئے ہیں، خیبرپختونخوا کے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کے بجائے اسلام آباد پر حملے کے لئے خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کو استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اسلام آباد میں جلسہ نہ کیا تو سیاست چھوڑ دوں گا، اب وہ اپنا وعدہ پورا کریں، ہمیں علم ہے کہ یہ صبح کیا بات کرتے ہیں اور پھر رات کو کیا بات کرتے ہیں؟
وزیر سیفران نے کہا کہ اسلام آباد پر حملہ اس لئے کیا جارہا ہے کیونکہ ملک میں مہنگائی تین سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، بلڈوزر، کرینوں اور کھدائی والی مشینوں سے بجلی سستی نہیں ہو گی، علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ نہیں ولن بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔