اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ گڈ ٹو سی یو کہنے والے ادارے کو بھی خود احتسابی شروع کرنی چاہئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری کمزور ہوئی، آج ان کو قانون کا احترام یاد آگیا، پہلے تو کبھی تحریک انصاف نے قانون کا احترام نہیں کیا تھا۔
میاں جاوید لطیف نے کہا کہ عوام کے پیسوں کو کبھی اس طرح نہیں بانٹا گیا تھا، علی امین گنڈا پور نے بجلی سستی نہیں کی لیکن کارکنوں میں پیسے بانٹے، نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر تاحیات نااہل کر دیا گیا، القادر ٹرسٹ میں 190 ملیں پاؤنڈ کا ڈاکہ مارا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام سہولیات موجود ہیں، نوازشریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، نوازشریف نے ملک سے اندھیرے ختم کئے، بقول خواجہ آصف فیض حمید حکومت بنانے کی آفر کرتے رہے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ کس قانون کے تحت فیض حمید حکومت بنانے کی باتیں کرتے تھے؟ آج بھی کہتا ہوں کسی بھی ادارے کو اپنی حدود سے باہرنکل کر کام نہیں کرنا چاہئے۔
میاں جاوید لطیف نے مزید کہا کہ نوازشریف کو بھی حقائق بتانے چاہئیں کس طرح مداخلت ہو رہی ہے۔