دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند، سیلابی صورتحال، درجنوں دیہات زیر آب

Published On 27 August,2024 08:50 am

سیہون: (دنیا نیوز) دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، سیہون کے مقام سے دریائے سندھ میں 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا کوٹری بیراج کی طرف گامزن ہے۔

سیہون اور مانجھند تحصیلوں کے کچے میں سیلاب کے باعث 50 دیہات زیر آب آ گئے ہیں جبکہ متعدد دیہاتوں کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، سیہون اور مانجھند تحصیلوں کے کچے میں 25 سکولز بھی سیلابی پانی کی زد میں آگئے ہیں۔

محکمہ آبپاشی نے دریائے سندھ کے پشتوں پر ایمرجنسی نافذ کر کے نگرانی شروع کردی، سیہون اور مانجھند کے کچے میں سیلابی پانی سے سڑکیں ڈوب گئیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شہروں کی طرف آمد و رفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں، کچے کے سیلابی علاقے میں مکینوں کو سرکاری کشتیاں فراہم کی جائیں۔