لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ ترامیم کیس میں وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد رضا قریشی نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کیخلاف منیر احمد ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں چیئرمین سینیٹ، سپیکر قومی اسمبلی، وزیر اعظم، اپوزیشن لیڈر، سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
سماعت کے آغاز پر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل مصروفیت کے باعث نہیں آ سکے، سماعت ملتوی کی جائے۔
جس پر درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان کو 27 اے کا نوٹس جاری کر رکھا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا پیش ہونا ضروری نہیں ہے، سپریم کورٹ نے درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ عدالت نے آئین کے آرٹیکل 187 کی شق دو کے تحت درخواست پر فیصلہ کرنا ہے، الیکشن ایکٹ میں ترامیم کر کے اس کا اطلاق ماضی سے کیا گیا ہے، کسی بھی قانون کا اطلاق ماضی سے نہیں کیا جاسکتا۔
بعد ازاں عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔