لاہور:(دنیا نیوز)حکومتِ پنجاب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی فیصل آباد آمد پرسکیورٹی فراہم کرنے کے معاملے پر اٹھائے گئے اعتراضات کا جواب دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفرڈال نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکرٹری کی جانب سے لکھے گئے مراسلے پرجوابی مراسلہ ارسال کر دیا ہے،مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب وی آئی پیزکی سکیورٹی کے حوالے سے اپنے فرائض سے بخوبی آگاہ ہے۔
جوابی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب بلیوبک میں درج پروٹوکول پر سختی سے عمل کرتی ہے، آپ کے مراسلہ میں اٹھائے گئے اعتراضات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے، اگرچہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فیصل آباد ذاتی دورے پرآئے تھے اس کے باوجود سکیورٹی کے تمام تقاضے پورے کیے گئے۔
مراسلے میں لکھا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی فیصل آباد میں موجودگی تک درج ذیل اقدامات کیے گئے، جن کے بارے میں آپ کا جاننا ضروری ہے کہ کے پی کے وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی کے لیے فیصل آباد پولیس کے ایک ایس پی، ایک ڈی ایس پی، ایک سب انسپکٹر، 6 اے ایس آئی، 5 ہیڈ کانسٹیبل اور 57 اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
جوابی مراسلے میں یہ مزید بھی کہا گیا تھا کہ سٹی ٹریفک آفیسر نے وزیراعلیٰ کا روٹ پیشگی کلیئر کروایا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی آمد سے پہلے بم ڈسپوزل سکواڈ بھی کورٹ کی حدود میں تعینات کیا گیا، مستقبل میں بھی پنجاب حکومت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو قانون کے مطابق سیکیورٹی فراہم کرتی رہے گی۔