کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی ادارے پوری طرح الرٹ ہیں، سندھ حکومت کی جانب سے رین ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرتضیٰ وہاب رات کو جاگتے ہیں اور ہم چین سے سوتے ہیں، 2022ء کی بارشوں میں شہر کے نکاسی سسٹم نے بہتر پرفارم کیا، اب 2024ء کی بارشیں وقفے وقفے سے جاری ہیں، بلدیاتی اداروں کے ورکرز نے دن رات کام کیا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی محنت کے باعث شہر بہتر صورتحال میں ہے، ابھی بھی الرٹ ہیں اور ہماری تیاری مکمل ہے، گزشتہ ایک ہفتے سے ساؤتھ ایسٹرن اضلاع میں ایوریج سے زیادہ بارش ہوئی ہے، کافی اضلاع اور شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں، میں ٹنڈو محمد خان میں بھی سیلاب متاثرین سے مل کر آیا ہوں، وہ مجھے اپنے گھر لے گئے اور پرسکون ہیں، بلوچستان میں بارشوں کے باعث پانی نیچے آیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منچھر جھیل میں 115 فٹ پانی موجود ہے، منچھر جھیل سے پانی دریا میں نکل جائے گا، ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں کے مسائل کی وجہ سے بارشوں اور سیلاب کا سامنا ہے، ہم نئے جنگلات لگانے کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گاج نالہ گزشتہ رات 21 فٹ پر بہہ رہا تھا، گاج بند نے پانی کو کافی روکا ہے، گاج میں پانی کا بہاؤ کم ہوگیا ہے، ایم این وی منصوبہ واپڈا کا ہے لیکن انہوں نے پرانے شگاف بھی ابھی تک پرنہیں کئے، ہمارا محکمہ آبپاشی ان شگافوں کو پر کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ آبپاشی جو کام کررہا ہے اسکے اخراجات ہم وفاقی حکومت سے لیں گے، میں نے کراچی کا دورہ کیا صورتحال بہت بہتر ہے، سندھ حکومت نقصانات کا جائزہ لے رہی ہے جو بھی مدد درکار ہوگی کریں گے۔