اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم پر توہینِ عدالت کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی سربراہی میں 7 رکنی فُل کورٹ بنچ 19 ستمبر کو سماعت کرے گا۔
جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار بنچ میں شامل ہیں، جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بنچ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فُل کورٹ بنچ نے موسمِ گرما کی چھٹیوں سے قبل پہلی سماعت کی تھی، عدالت نے غریدہ فاروقی، حسن ایوب اور عمار سولنگی کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر رکھا ہے۔
عدالت نے پیمرا، پی ٹی اے اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی نوٹس جاری کر رکھا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے، پیمرا اور پی ٹی اے کو چار ہفتوں میں رپورٹس جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے، عدالت نے کردار کشی مہم چلانے اور مواد شیئر کرنے والے افراد کی نشاندہی کرنے کا حکم دیا تھا۔