لندن: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی لارڈ چانسلر اور برطانیہ کی سیکرٹری آف سٹیٹ فار جسٹس شبانہ محمود سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لارڈ چانسلر کو ان کی تاریخی تقرری پر مبارکباد دی اور کہا کہ شبانہ محمود کی کامیابی تمام مسلمانوں اور بالخصوص پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہے۔
اسحاق ڈار نے پاک برطانیہ شراکت داری کی مضبوطی میں 1.7 ملین برطانوی پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ لارڈ چانسلر شبانہ محمود کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مفاد کے لیے خصوصی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اسحاق ڈار نے شبانہ محمود کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
اس موقع پر لارڈ چانسلر شبانہ محمود نے تہنیتی پیغام پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برطانوی متحرک کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔