مخصوص نشستوں کا معاملہ، سپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا

Published On 19 September,2024 06:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی مخصوص نشستوں کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط بھیجوا دیا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کو مخصوص نشستوں کے معاملے پر آزاد حیثیت سے منتخب ارکان کو سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا موقع دیا، پنجاب اسمبلی میں آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے یہ ارکان عام انتخابات کے بعد پہلے ہی سنی اتحاد کونسل میں شامل ہو چکے ہیں۔

ملک محمد احمد خان نے خط میں کہا کہ عملی طور پر 12 جولائی کے اس فیصلے کے بعد ان ارکان کو ایک مرتبہ پھر جماعت کی تبدیلی کا موقع دیا گیا ہے، پارلیمان اس سے قبل الیکشن ترمیمی بل پاس کر چکی ہے، الیکشن ترمیمی ایکٹ صدر پاکستان کی منظوری کے بعد گزٹ آف پاکستان میں بھی شامل ہو چکا ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ پارلیمان سے منظور ہونے والے الیکشن ترمیمی ایکٹ کے بعد حالیہ فیصلے کا اطلاق سنگین صورتحال پیدا کرسکتا ہے، الیکشن ایکٹ میں ترمیم واضح کرتی ہے کہ سابقہ قانونی وضاحت کے بجائے مخصوص نشستوں پر نئی قانون سازی کے مطابق کام کرنا ہو گا۔