کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے محکمہ زکوٰة میں بے قاعدگیاں سامنے آگئیں، بے قاعدگیاں آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ رپورٹ میں سامنے آئیں۔
بلوچستان اسمبلی نے آڈٹ رپورٹ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سپرد کر دی، رپورٹ کے مطابق 2018 سے 2022 کے دوران 1 ارب 90 کروڑ کی زکوٰة مستحقین میں تقسیم نہیں کی گئی۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق 22-2021 میں 1 کروڑ 16 لاکھ سے زائد روپے 1382 مستحقین کو دیئے گئے، یہ 1382 مستحقین پہلے سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہو رہے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 22-2021 میں 206 ریٹائر اور حاضر سروس ملازمین کو 60 لاکھ روپے کی زکوٰة دی گئی، زکوٰة لینے والوں میں گریڈ 16 اور 17 کے 14 افسران بھی شامل تھے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق 2014 سے 2022 کے دوران زکوٰة فنڈ کے 20 لاکھ روپے بینکوں میں پڑے رہ گئے، 11 مقامی زکوٰة کمیٹیوں کے بینک اکاؤنٹس بند ہوگئے تھے۔