پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کا سمندر دیکھ کر شریف خاندان کے اوسان خطا ہیں۔
اپنے ایک بیان میں پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مریم نواز بلڈ پریشر پر قابو رکھیں، ڈاکٹروں کی ٹیم کو ہر وقت ان کے پاس ہونا چاہئے تاکہ ان کی بگڑتی ہوئی حالت پر نظر رکھی جا سکے ، پنجاب میں عوام کا سمندر دیکھ کر شریف خاندان کے اوسان خطا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب انتظامیہ بدحواسی کا شکار ہو چکی ہے، گریڈ 18 کے افسر کا وزیراعلیٰ سے معافی مانگنے کی شرط رکھنا مضحکہ خیزہے ، پنجاب حکومت نے افسر شاہی کو سر پر چڑھا رکھا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پنجاب انتظامیہ نے خود ہی ایس او پیز کی دھجیاں اڑانا شروع کیں، پولیس نے رات کوجلسہ گاہ سے ساؤنڈ سسٹم اور کرسیاں اٹھا کر تھانہ کاہنہ میں رکھے، پنجاب میں ہرطرح سے کارکنان کو تنگ کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جلسہ ناکام بنانے کے لئے پنجاب حکومت سرگرم ہو چکی ہے، ایسی روایات ہمیشہ ڈالنے والوں کے گلے پڑ جاتی ہیں ، مریم نواز اگر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو رکنے کی کوشش کررہی ہیں توان کا داخلہ بھی روکا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان صرف پنجاب نہیں ہرشہری کوآئینی حقوق استعمال کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، وزیر اعلیٰ کا حق ہے کہ وہ کسی بھی صوبے میں داخل ہوں۔