اسلام آباد :(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جلسے کا نتیجہ ’کھودا پہاڑ نکلا چوہا‘ والا ہے۔
اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے جلسے میں آنے والوں کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں ہے، آج ہمیں تحریک انصاف کے جلسے کا بہت انتظار تھا ، پورے پاکستان سے لوگ اکٹھے کئے گئے ، لاہورکے تمام راستے کھلے ہیں ، اسلام آباد کی طرح لاہور کا پی ٹی آئی کا جلسہ بھی فلاپ ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ اپنے لیڈر کی رہائی کیلئے این آر او چاہتے ہیں جو انہیں نہیں ملے گا، انہوں نے لاہور کے جلسے کیلئے بڑی بڑی باتیں کیں ، علی امین گنڈا پور بڑھکیں مارتے رہے اور نتیجہ’ کھودا پہاڑ نکلا چوہا‘ والا ہے ، عوام نے ان کی انتشار اور تقسیم کی سیاست مسترد کردی، بلند وبانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔
وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے قافلوں کو راستے میں کہیں بھی نہیں روکا گیا ، جن لوگوں کو ٹرانسپورٹ دی گئی وہ بھی جلسے میں نہیں آئے، جلسے میں لطیف کھوسہ نے چیف جسٹس کے بارے میں جو کہا اس کی مکمل مذمت کرتے ہیں۔