لاہور: (دنیا نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کا دوغلاپن بے نقاب کر دیا ہے۔
اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو ہم خیال شخص قرار دیا، بانی پی ٹی آئی اسرائیل سے معمول کے تعلقات چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ یروشلم پوسٹ کی بات آنکھیں کھول دینے والی ہے کیونکہ اس آرٹیکل نے عمران خان کا دوغلاپن اور تضادات کا پہلو بے نقاب کر دیا ہے۔
پاکستان کے عوام دوبارہ پی ٹی آئی کیساتھ کھڑے نہیں ہوں گے:بیرسٹر دانیال چودھری
اس حوالے سے لیگی رہنما بیرسٹر دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو کمزور کیا جا رہا ہے، ان کے پاس پاکستان کو کمزور کرنے کا ایک ہی طریقہ تھا کہ افواج کو کمزور کرو، یہ افواج پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ ایک سوال پوچھتے رہے ہیں، شہداء کے مجسمے جلائے گئے مذاق اڑایا گیا، ایک جتھہ امریکا میں بیٹھ پر آئی ایم ایف کی عمارت کے باہر بھی احتجاج کر رہا تھا، ان کی کوشش تھی کہ آئی ایم ایف پاکستان سے معاہدہ نہ کرے۔
دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ یہ ہر آنے والے دن میں بے نقاب ہو رہے ہیں، کل لاہور کے لوگوں نے ان کے ساتھ کھڑے ہونے سے انکار کر دیا، یہ نہ پاکستان کے پہلے خیر خواہ تھے نہ اب ہو سکتے ہیں، پاکستان کے عوام دوبارہ ان کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے، ایک ٹولے کو انہوں نے گمراہ کیا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کے آرٹیکل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسرائیل کا حمایتی قرار دے دیا گیا ہے، یروشلم پوسٹ نے اسرائیل کے اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے دعوؤں کی تصدیق کی ہے۔