پنجاب : دور دراز ایریا میں چھپے ڈاکوؤں کو پکڑنے کیلئے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ

Published On 24 September,2024 01:30 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب پولیس نے دور دراز ایریا میں چھپے دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کو پکڑنے کے لئے بڑے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈرونز میں کیمروں کے ساتھ مارٹر گولے لے جانے اور پھینکنے کی صلاحیت ہو گی، ایک ڈرون 60 ایم ایم کا مارٹر گولہ لے جانے کی صلاحیت کا حامل ہو گا، ڈرونز کی مارٹر گولے کو لے جانے کی رینج کئی کلو میٹر ہو گی۔

پولیس حکام کا بتانا ہے کہ ڈرونز کیمروں میں مانیٹرنگ کے ساتھ اٹیک کرنے کی صلاحیت ہو گی، ابتدائی طور پر صوبہ بھر کے لئے 25 ڈرونز خریدے جائیں گے، ڈرونز کی خریداری کے لئے ساڑھے 3 کروڑ کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

پولیس حکام نے مزید بتایا کہ ڈرونز خریداری کے حوالے سے این او سی کی منظوری کے لئے سمری وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے، وفاقی وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ٹینڈر کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔