پشاور: (دنیا نیوز) عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست پر وزارت خارجہ سے جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے سابق وفاقی وزیر کی درخواست پر سماعت کی۔
اعظم سواتی نے کہا کہ افغانستان جانا چاہتا ہوں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاسپورٹ روک دیا ہے، نیلے پاسپورٹ پر جانا چاہتا ہوں مجھے اجازت نہیں دی جارہی، اسحاق ڈار کلاؤن (جوکر) وہاں بیٹھا ہے جس کی وجہ سے افغانستان نہیں جا سکتا۔
چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ آپ عدالت میں کسی کے لیے ایسے الفاظ استعمال نہ کریں جس پر اعظم سواتی نے کہا کہ میں معذرت چاہتا ہوں۔
چیف جسٹس نے وزارت خارجہ سے 3 اکتوبر تک جواب طلب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت خارجہ آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائے پھر اس کیس کو سنیں گے اور اس کے ساتھ ہی عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی۔