مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر

Published On 09 October,2024 09:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کر دی گئی۔

اینٹی کرپشن کورٹ کے جج سردار محمد اقبال ڈوگر نے مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کی۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی جانب سے عامر سعید راں اور مختار احمد رانجھا ایڈووکیٹ پیش ہوئے، بھرتی ہونے والوں افراد بھی بطور ملزم حاضری کیلئے پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکلاء نے پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔

پراسیکیوشن نے کہا کہ ملزمان جان بوجھ کر کیس میں تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں، عدالت ملزمان کی ضمانت خارج کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکرٹری ملزم محمد خان بھٹی کو جیل سے عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے کہ پرویز الہٰی اور دیگر پر پنجاب اسمبلی میں میرٹ کے برعکس بھرتیوں کا الزام ہے۔