اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں آئینی عدالت اور جوڈیشل ریفارمز پر بات ہوئی، ملاقات سے آگے بھی بات چلے گی۔
مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو شیری رحمان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات بہت اچھی رہی، ہماری کوشش ہے کہ آئینی ترمیم پر اتفاق رائے قائم ہو، یہ سیاست میں ہوتا ہے، اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا پڑتا ہے۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ خصوصی کمیٹی میں تمام معاملات رکھیں، ہم ہر سیاسی جماعت کے ساتھ ملاقاتیں کر رہے ہیں، میاں نوازشریف صاحب سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
شیری رحمان نے کہا کہ میثاق جمہوریت کے حوالے سے میاں نوازشریف کیساتھ ہمارے پرانے تعلقات ہیں، سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہماری بات چیت جاری ہے، یہ بات 25 تاریخ کے بعد بھی جاری رہ سکتی ہے۔