اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سیاسی اختلاف کو دشمنی میں بدلنے کی روایت ڈالی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی جماعت نے طالبعلموں کے ذریعے امن وامان خراب کرنے کی کوشش کی، عوام کے سامنے یہ تمام حقائق رکھ دیئے ہیں، ہتک عزت قانون کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی برداشت نہیں دکھائی،دوسرے کا مؤقف نہیں سنا، آ پ کو انکی تقریر میں کبھی اسرائیلی مظالم کا ذکر نہیں ملے گا، پی ٹی آئی نے فلسطین پر بلائی اے پی سی میں شریک ہونے سے انکار کردیا، ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کی سازش کی گئی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ہمیشہ اپنی تقریروں میں زہر اگلتی ہے، یہ آرمی چیف، ایجنسیوں اور سیاستدانوں کے خلاف بات کرتے ہیں، یہ فلسطین پر بات نہیں کرتے کیونکہ دوسری طرف ان کا تعلق ہے، ایس سی او پر لشکر کشی میں ان کی جماعت میں اختلاف تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہماری تلخی اور سیاسی اختلاف کی ایک تاریخ ہے، محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت پر سب سے پہلے نواز شریف ہسپتال پہنچے، ان کے لیڈر نے سیاسی مخالفت کو سیاسی دشمنی میں بدلا، نواز شریف نےہمیشہ رواداری کی سیاست کو فروغ دیا۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر قرار پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔