کوئٹہ میں خودکش دھماکا، 26 افراد جاں بحق، 50سے زائد زخمی

Published On 09 November,2024 08:47 am

کوئٹہ : (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خودکش دھماکے میں 26 افراد جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق دھماکا آج صبح ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر اس وقت ہوا جب وہاں مسافروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق  جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،  پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ کا بتانا ہے کہ  دھماکے کے 56 زخمی مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، دھماکے میں ایک  خاتون، 5 ریلوے ملازمین جاں بحق ہوئے ، جاں بحق افراد میں 4 مسافر بھی شامل ہیں ۔

دھماکے کے پیش نظر سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ طبی امداد کے لئے اضافی ڈاکٹرز اور عملہ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

اس حوالے سے کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ  ریلوے سٹیشن پر دھماکا خودکش تھا جس میں سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کی ہے۔

کمشنر کوئٹہ نے مزید کہا  کہ شہری بس اڈوں، سٹیشن اور رش والی جگوں پر جانے سے گریز کریں ، خود کش دہشتگرد کو روکنا انتہائی مشکل ہے ، دہشتگرد ہمیشہ سافٹ ٹارگٹ کو نشانہ بناتے ہیں، خودکش حملہ آور سٹیشن کےکھلے داخلے راستےسےاندر آیا۔

یہ بھی پڑھیں :کوئٹہ دھماکا : وزیراعظم شہبازشریف ، وزیرداخلہ اوربلاول بھٹو کی شدید مذمت

ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے دھماکے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچے ، بم ڈسپوزل سکواڈ موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے۔

ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ  کا کہنا ہے کہ دھماکہ بظاہر خود کش لگتا ہے ، دھماکہ اس وقت ہوا جب جعفر ایکسپریس سے جانے کے لئے مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔

ریلوے حکام کے مطابق آج کوئٹہ سے 2 ٹرینیں روانہ ہونی تھی جس میں چمن پیسینجر چمن اور جعفر ایکسپریس نے پشاور جانا تھا، دونوں ٹرینوں کے مسافر پلیٹ فارم پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا دھماکے کی تحقیقات کا حکم  

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ واقعہ قابل مذمت، معصوم افراد کو نشانہ بنانے کا تسلسل ہے، دہشتگردوں کا ہدف اب عام معصوم افراد ، مزدور بچے اور خواتین ہیں، معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد قابل رحم نہیں، دہشت گرد انسان کہلوانے کے لائق نہیں، انسانیت سے گر چکے ہیں اور حیوانوں سے بد تر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں، ان تک بھی پہنچیں گے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی، دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، بلوچستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔

صوبائی وزیرسردار عبدالرحمان کھیتران نے بھی کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی کی مذمت

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں ریلوے سٹیشن پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، قائمقام صدرنے کوئٹہ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی اظہار افسوس کیا ہے۔

قائمقام صدر نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں، انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کیا اور جاں بحق افراد کے ایصال ثواب، ورثاء کیلئے صبر جمیل، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔