کوئٹہ : لیاقت بازار کے قریب دکان میں دھماکے سےایک جاں بحق،6افراد زخمی

Published On 13 August,2024 05:17 pm

کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے لیاقت بازار کے قریب چائنہ مارکیٹ کی دکان پر دھماکے سے ایک جاں بحق،6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت اور نقصان کا تعین کیا جارہا ہے، دھماکہ اس قدر شدید تھا جس سے اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔

پولیس کا بتانا ہے کہ لیاقت بازار کےقریب چائنہ مارکیٹ میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق،6 افراد زخمی ہوئے ہیں،ریسکیو ٹیموں کی جانب سے زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

دوسری جانب واقعہ کے فوری بعد سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کی ناکہ بندی بھی کردی گئی ہےجبکہ تفتیشی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے شروع کردیئے ہیں۔

واضح رہے چائنہ مارکیٹ جس دکان میں دھماکہ ہوا وہاں اور اطراف میں جشن آزادی کے حوالے سے بیجز،سمیت دیگر چیزیں فروخت کی جارہی تھیں۔