حجاج کرام کیلئے اب صرف 24 گھنٹوں میں پاسپورٹس کا حصول ممکن

Published On 21 November,2024 12:04 pm

اسلام آباد: (عادل تنولی ) حجاج کرام کیلئے خوشخبری آگئی ، اب صرف 24 گھنٹے میں پاسپورٹس حاصل کرسکیں گے۔

حجاج کرام کو آسانی دینے کیلئے ڈی جی پاسپورٹس کی جانب سے خصوصی ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیاگیا ہے ، ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام ریجنل دفاتر میں خصوصی ڈیسک قائم کیے جائیں گے۔

ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی کاکہنا ہے کہ حجاج کرام کو یہ سہولت دنیا بھر میں قائم پاسپورٹ دفاتر میں بھی میسر آئے گی، خصوصی کاؤنٹرز پر حجاج کرام کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیل کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حجاج کرام کو پاسپورٹس کی ڈلیوری 24 گھنٹوں میں یقینی بنائی جائے گی۔
 
واضح رہے کہ ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا بھی آغازہو چکا ہے۔