کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بنچ نے محکمہ صحت سے ریٹائرڈ 20 گریڈ کے افسر ڈاکٹر پریتم کی پنشن روکنے کیخلاف دائر درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
دورانِ سماعت درخواست گزار ڈاکٹر پریتم نے عدالت کو بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے ڈھائی سال بعد میری پنشن روک دی گئی، اے جی آفس جانے پر معلوم ہوا کہ میرے خلاف اینٹی کرپشن میں کیس بنا دیا گیا ہے۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ نہ مجھے کوئی نوٹس ملا اور نہ ہی کہیں طلب کیا گیا، 3 سال کے بعد مجھے اس کیس کا علم ہوا ہے۔
جس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر محکمہ اینٹی کرپشن کے تفتیشی افسر کو طلب کر لیا۔
بعدازاں عدالت نے محکمہ صحت، اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی۔