اٹارنی جنرل آفس کے ملازمین کو جوڈیشل الاؤنس نہ دینے کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی

Published On 09 December,2024 11:13 am

لاہور: (دنیا نیوز) اٹارنی جنرل آفس کےملازمین کو جوڈیشل الاؤنس نہ دینے کے خلاف درخواستوں پر سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے احمد رضا اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے وکیل احسن بھون نے دلائل دئیے۔

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے براہ راست عدالت میں جواب پیش کیا جس سے عدالت نے اتفاق نہ کیا اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی پیش کردہ مبہم رپورٹ مسترد کردی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہے جس پر چیف جسٹس نے سرکاری وکیل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت میں اس طرح جواب داخل کرایا جاتا ہے؟ آپ باضابطہ ہائی کورٹ آفس کے ذریعے جواب داخل کرائیں۔

وکیل درخواستگزاران احسن بھون نے استدعا کی کہ عدالت حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے مشروط جوڈیشل الاؤنس دینے کا حکم دے لیکن عدالت نے حکم امتناعی جاری کرنے سے اتفاق نہ کیا۔

بعدازاں عدالت نے اٹارنی جنرل آفس کے ملازمین کو جوڈیشل الاؤنس نہ دینے کیخلاف درخواست پر سرکاری وکیل کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کردی اور سماعت 14 جنوری تک ملتوی کردی۔