انسانی سمگلنگ اندوہناک جرم، روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں: وزیراعظم

Published On 15 December,2024 09:01 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ اندوہناک جرم ہے، اس گھناؤنے فعل کی روک تھام کیلئے اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں، انسانی سمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو غریب عوام کوجھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔

وزیر اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعہ کی انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دھرائیں، ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں:یونان میں کشتی کو حادثہ، ایک پاکستانی سمیت 5 افراد جاں بحق

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی یونان کے قریب کشتی کے حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ ایک قبیح عمل، لوگ اپنے پیاروں کو کھو دیتے ہیں، انہوں نے اِنسانی سمگلنگ کے تدارک کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور صبر جمیل کی دعا کی۔

محسن نقوی کا پاکستانی شہریوں کی اموات پر تحقیقات کا حکم

مزید برآں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کی اموات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی واقعے کی تحقیقات کر کے 5 روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو پیش کرے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلنگ ناقابل برداشت جرم ہے، ملوث مافیا اب تک کئی گھر اجاڑ چکا ہے، اس مافیا کی سرکوبی کیلئے ایف آئی اے بلاامتیاز ملک گیر ایکشن لے۔