26 نمبر چونگی توڑ پھوڑ کیس: اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع

Published On 20 January,2025 10:48 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے چھبیس نمبر چونگی توڑپھوڑ کیس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

اے ٹی سی جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے رہنما پی ٹی آئی کے خلاف چھبیس نمبر چونگی توڑ پھوڑ کیس میں درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت کی، اسد قیصر عدالت پیش نہیں ہوئے، تاہم وکیل صفائی عائشہ خالد عدالت پیش ہوئیں۔

دوران سماعت وکیل صفائی عائشہ خالد کی جانب سے اسد قیصر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 14 فروری تک توسیع کر دی۔

یاد رہے کہ رہنما تحریک انصاف اسد قیصر کے خلاف تھانہ سنگجانی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔