واشنگٹن: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں لنکن لبرٹی بال میں خصوصی عشائیہ کی تقریب میں شرکت کی، تقریب میں محسن نقوی کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا، اس دوران وزیر داخلہ نے امریکی سینیٹرز، ممبرز کانگریس اور اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینٹر ٹومی ٹیوبر ویل، ممبر کانگریس کین کلورٹ، سابق برطانوی وزیراعظم لز ٹراس، گورنر میسیپی فلپ برینٹ سے ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے پر امریکی سینیٹرز و ممبرز کانگریس کو مبارکباد دی اور امریکی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کیلئے ایک تاریخی دن ہے، امریکی عوام صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے محبت کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں شاہد ہوں کہ آج امریکی عوام نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت کو زبردست طریقے سے منایا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کا نیا باب شروع ہوگا، میں امریکا کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔