26ویں آئینی ترمیم سے متعلق کیس کی سماعت27جنوری کو ہوگی

Published On 24 January,2025 10:10 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے 26ویں آئینی ترمیم سے متعلق کیس کی سماعت کا اعلامیہ جاری کردیا۔

عدالت عظمیٰ کے اعلامیہ کے مطابق 27 جنوری کو 26ویں آئینی ترمیم کے مقدمات کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ بلڈنگ میں خصوصی انتظامات ہوں گے ، کورٹ روم نمبر 2 میں 26ویں آئینی ترمیم کے مقدمات کی سماعت ہو گی۔

اسی طرح 27 جنوری کو سپریم کورٹ کے احاطے میں سکیورٹی مزید سخت ہو گی، کمرہ عدالت نمبر 2 میں بیٹھنے کی محدود گنجائش کے پیش نظر، خصوصی پاسز کے ذریعے داخلے کو ریگولیٹ کیا جائے گا، صرف ان فریقین کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی جن کے مقدمات عدالت میں طے ہوں گے۔

اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ باقاعدگی سے آنے والے وکلاء اور صحافیوں کو بھی کورٹ روم نمبر 2 میں داخل ہونے کے لیے پاس جاری کیے جائیں گے، پاس نہ رکھنے والا وکلاء اور صحافیوں کو کورٹ روم نمبر 6 اور 7 میں آڈیو سہولت مہیا کی جائے گی۔

سپریم کورٹ عمارت میں داخلے کی اجازت بیگ، پرس وغیرہ کی چیکنگ اور تلاشی کے بعد دی جائے گی، کمرہ عدالت کے اندر سیل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہے۔

اعلامیہ میں اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ سماعت کیلئے آنے والوں سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ہدایات پر عمل کریں، عدالت کے احاطے میں ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی عملے کے ساتھ تعاون کریں۔

علاوہ ازیں اعلامیہ میں سپریم کورٹ سکیورٹی اہلکاروں اور سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عدالت آنے والوں کے ساتھ خوش اسلوبی سے پیش آئیں۔